ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منگلورو:اعتدال پسند بنیں ، انتہا پسندی سے کلی انکار کریں : ایس آئی اؤ زونل کانفرنس میں ماہرین کے خطابات

منگلورو:اعتدال پسند بنیں ، انتہا پسندی سے کلی انکار کریں : ایس آئی اؤ زونل کانفرنس میں ماہرین کے خطابات

Mon, 15 Aug 2016 21:51:05    S.O. News Service

منگلورو:15/اگست(ایس او نیوز)صحت مند معاشرہ منطقی سوچ پر مبنی ہونا چاہئے، انتہا پسند خیالات اور تشدد ، عدم مساوات جیسے کسی طرح کے  مسائل کو حل نہیں کرتا ، ملک میں جاری سماجی ، معاشی ، تہذیبی اور سیاسی عدم مساوات کے خلاف متحدہ کوشش جاری رکھنا چاہئے، ان باتوں کا خیال ہمپی کنڑا یونیورسٹی کے پروفیسر اور محقق ڈاکٹر ایم چندر پجاری نے ظاہر کیا۔ وہ یہاں شہر کے پُربھون میں اتوار کو  اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی اؤ)کے زیراہتمام ’’اعتدال پسند بنو، انتہا پسندی کا انکار کرو‘‘ عنوان پر منعقدہ علاقائی کانفرنس میں وہ خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتےہوئے وسائل کے متعلق کہاکہ ملک کے صرف 5فی صد افراد کے ہاتھوں میں وسائل جمع ہیں، عوام کی کثیر تعداد معاشی آزادی سے محروم ہے۔یہی 5فی صد لوگ  ملک میں کھانے ، پہننے ، تہذیبی ، مذہب پر عمل کرنے کی آزادی کے حق کو کنڑول کئے ہیں، اسی طبقے کے ذریعے دھرم اور ذات پات میں خلیج پیدا کرنے کام کیا جارہاہے، جو ملک کی جمہوریت کے لئے سد راہ ہے، اس کے خلاف تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ایک جٹ ہونے کی اشد ضرورت ہونے کا خیال ظاہر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ سیاست میں خاص کر خواتین اور اقلیتوں کی نمائندگی نہیں کے برابر ہے، 50فی صد خواتین ہونے کے باوجود 10فی صد خواتین بھی سیاست میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 13فی صد آبادی والی مسلم اقلیت 2فی صد بھی سیاسی نمائندگی نہیں رکھتی ،جو غیر اقلیت ہیں وہ اقلیتوں کے مسائل کو نہیں سمجھ سکتے ۔ انہوں نے موجودہ حالات کے پس منظر میں کہا کہ جمہوریت کے لئے ہیرو ورشپ کوئی اچھی بات نہیں ہونے کا خیال ظاہر کیا۔

ایس آئی اؤ کے قومی صدر اقبال حسین نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ خیر سگالی اور ہم آہنگی کو بگاڑ کر سماجی امن میں خلل پیدا کرنے والے کام ہورہے ہیں، ایسے سماج دشمن قوتوں کے خلاف ہوشیار رہنا لازمی ہے۔ ایس آئی اؤ کرناٹکا کے صدر مولانا لبید شافعی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان اپنے اطراف ہورہی ترقیات کاصحیح تناظر میں بغور جائزہ لیں اور دین کے اصلی معنوں کو سمجھیں۔ انہوں نے کہاکہ دانشوروں کی موت پر  جشن منانے والی ذہنیت بہت ہی تشویش ناک ہے۔موصوف نے بتایاکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کو دوبارہ قائم کرنے کےلئے مذاہب کے درمیان ہمیں مشترکہ قدروں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، کچھ قوتیں اپنے ذاتی مقاصد کو پورا کرنے کے لئے  مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کے درمیان فساد پیدا کرتے ہیں ۔جماعت اسلامی ہند منگلورو کے مقامی صدر محمدکوئیں نے بھی کنڑا میں پرمغز خطاب کیا۔ ایس آئی اؤ کے سابق قومی صدر اشفاق احمد شریف، جماعت اسلامی ہند منگلورو کے ناظم علاقہ عبدالسلام ، جماعت اسلامی ہند دکشن کنڑا ناظم ضلع الیاس اسماعیل ، ایس آئی اؤ کے سکریٹری معاذ سلمان منیا ر موجود تھے۔

پروگرام کا آغاز شاکیب کلاپو کی تلاوت  قرآن سے ہوا۔ ایس آئی اؤ کے ضلعی ناظم رفیق بیدر نے افتتاحی کلمات پیش کئے ، ایس آئی اؤ اُڈپی کے ضلعی ناظم یاسین کوڑی بینگرے نے شکریہ اداکیا۔


Share: